غازی آباد:21/جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)غازی آباد میں اتوار کو ایک 5 منزلہ زیر تعمیر عمارت منہدم ہوگئی ۔ اس واقعہ میں ابھی تک ایک نوجوان کی موت اور کئی دیگر کے شدید زخمی ہونے کی خبر ہے۔ پولیس فی الحال اس پورے معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ معاملے کی تحقیقات کر رہے پولیس افسر ان کے مطابق یہ عمارت مسوری پولیس تھانہ علاقہ کے آکاش نگرمیں واقع تھی۔ پولیس کے مطابق امدادی اور راحت بچاؤ کام جاری ہے۔ حادثے کی اطلاع ملنے کے فورا بعد این ڈی آر ایف کی کئی ٹیموں کو جائے حادثہ کے لئے روانہ کر دیا گیا تھا۔ ایک سینئر افسر نے بتایا کہ اب تک ہم نے ایک لاش باہر نکالا ہے اور ملبے میں پھنسے ایک شخص کو بچایا ہے۔ وہیں غازی آباد پولیس نے ٹوئٹر پر لکھا کہ کچھ مزدوروں کو باہر نکالنے کے بعد علاج کے لیے ہسپتال بھیج دیا گیاہے ، اگرچہ عمارت کے ملبے میں اور لوگوں کے دبے ہونے کو لے کر اس وقت کوئی معلومات نہیں ہے۔ قومی دارالحکومت علاقہ این سی آر میں ایک ہفتے کے اندرپیش آئے یہ اس طرح کادوسرا واقعہ ہے۔غور طلب ہے کہ گریٹر نوئیڈا کے بسررکھ تھانہ علاقہ کے شاہ بیری میں کچھ دن پہلے ہی ایک 6 منزلہ زیر تعمیر عمارت دوسری 4 منزلہ عمارت منہدم ہو گئی تھی ۔